کاروار 4/ فروری (ایس او نیوز) جعلسازی اور فوجداری مقدمات میں ملوث یلاپور کا خطرناک مجرم نارائن ہیگڈے بنگلورو کی اپارپیٹ پولیس کے شکنجے میں پھنس گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ بس کنڈکٹر، پولیس اور گن مین کے بہروپ میں فریب کاری، موٹر بائکس کی چوری اور گھروں میں چوریاں کرنے میں ماہر نارائن ہیگڈے جلد دولتمند بننے کی خواہش میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہوگیا۔ وہ اپنے آپ کو شمالی کرناٹکا کے رکن اسمبلی کا گن مین بتاتے ہوئے ایک نقلی گن اپنی کمر کے بیلٹ میں لٹکا کر سفاری سوٹ میں ودھان سودھا اور وکاس سودھا میں گھومتا پھرتا تھا۔ اس طرح بہروپ بدل کر گزشتہ ایک ڈیڑھ سال سے لوگوں کو بلیک میل کرنا اور کسی نہ کسی بہانے سے چھوٹی موٹی رقمیں وصول کرنا ہی اس کا معمول بن گیا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ کامیابی سے چھوٹے موٹے بلیک میل انجام دینے کے بعد اس نے بڑا ہاتھ مارنے کے ارادے سے بنگلورو کے آنند گروجی کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ اس نے گروجی کو دھمکی دی کہ آپ کا ایک ویڈیو میرے پاس ہے ، اگر آپ نے مجھے ایک مطلوبہ رقم ادا نہیں کی تو پھر وہ ویڈیو وائرل کردیا جائے گا۔
پتہ چلا ہے کہ یلاپور، سرسی،کمٹہ، دھارواڑکے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں دھوکہ دہی، چوری اور رقم وصولی کے 30سے زیادہ فوجداری معاملات اپنے نام رکھنے والے نارائن ہیگڈے کی نگرانی بنگلورو اپارپیٹ پولیس نے نگرانی شروع کی اور پھر اس کو دھر دبوچ لیا، تو اس نے اپنے آپ کو گن مین بتاتے ہوئے پولیس کے پنجے سے نکلنے کی بہت کوشش کی، لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکا۔ فی الحال پولیس کسٹڈی میں اس سے تفتیش کی جارہی ہے۔